راولپنڈی (آئی این پی) گرفتار بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو بیرٹ کی شامت آگئی،راولپنڈی کی مقامی عدالت کے ڈیوٹی جج عمران یعقوب نے بلیک لسٹ گرفتار امریکی شہری میتھیو بیرٹ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظو ر کرتے ہوئے اسے ایف آئی اے کے حوالے کر نے کا حکم دیدیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ایف آئی اے نے مشکوک سرگرمیوں پر ملک بدر کیے گئے امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو دوبارہ داخلے پر اسلام آبا د کے ایک گیسٹ ہاؤس سے گرفتار کیاگیا ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے بلیک لسٹ امریکی شہر ی میتھو بیرٹ کو مشکوک سرگرمیوں پر 2011 ء میں ملک بدر کر کے تاحیات بلیک لسٹ قرار دیا گیا تھا۔ میتھیو بیرٹ کو امریکی شہرہیوسٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے سے ویزا جاری کیا گیا تھا اور ویزے کے حصول کیلئے اس نے غلط دستاویزات جمع کرائی تھیں۔ بلیک لسٹ امریکی شہری کو دوبارہ داخلے پر ایف آئی اے نے گرفتار کرکے راولپنڈی کی مقامی عدالت پیش کیا ، جسے ڈیوٹی جج عمران یعقوب نے بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو بیرٹ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کرتے ہوئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا اور دوبارہ 9 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔