کراچی (این این آئی) محکمہ موسمیات نے 7 سے 9 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا کہ 7 سے 9 اگست تک دریائے ستلج ، راوی، چناب اور جہلم کے بالائی علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے ٗ پنجاب کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ٗ خیبر پختونخوا میں بھی 7 سے 9 اگست تک موسلا دھار بارش ہوگی۔دوسری طرف فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے کہا کہ دریائے جہلم میں منگلا پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے ٗ حالیہ طوفانی بارشوں سے دریائے راوی اور چناب کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔ دریائے چناب میں 6 سے 10 اگست تک اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے ٗ دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آئیگا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان اور کوہاٹ ڈویڑن کے ندی نالوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔