لاہور( این این آئی)بچوں کا لا پتہ ہونے کے واقعات سے خوفزدہ شہریوں نے اکبری گیٹ سے عام شہری کو مبینہ اغواء کار سمجھتے ہوئے قابو کر درگت بنا ڈالی ، پولیس نے دو گمشدہ بچوں کور یلوے اسٹیشن سے اپنی تحویل میں لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں بچوں کے لا پتہ ہونے کے واقعات کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس اور اشتعال پایاجاتا ہے ۔ گزشتہ روز بھی اکبری گیٹ کے علاقہ میں عام شہری مشتعل ہجوم کے ہتھے چڑھ گیا ۔بتایا گیا ہے کہ راہگیروں نے بچوں کے پاس کھڑے ایک شخص کو مبینہ اغواء کار سمجھتے ہوئے قابو کر لیا اور اس پر بد ترین تشدد کیا گیا ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مبینہ اغواء کار کو زخمی حالت میں اپنی تحویل میں لے لیا تاہم تحقیقات میں مذکورہ شخص بے گناہ ثابت ہوا جس پر اسے چھوڑ دیا گیا ۔ علاوہ ازیں پولیس نے گھروں سے گمشدہ دو بچوں کو ریلوے اسٹیشن سے اپنی تحویل میں لے لیا ۔ آٹھ سالہ رحیم کا تعلق سانگلہ ہل جبکہ پندرہ سال فیضان رحیم یار کا رہائشی ہے ۔ پولیس نے دونوں بچوں کی حوالگی کے لئے والدین سے رابطہ کر لیا ہے۔