اسلام آباد(این این آئی)مذکورہ شخص کوچند برس پہلے پاکستانی نیوکلیئر تنصیبات کی جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور مشکوک سرگرمیوں اور پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے کی بنیاد پراسے ملک بدرکر دیا گیا تھا،وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے بلیک لسٹ پر موجود ایک امریکی شہری کو امیگریشن کی اجازت دینے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد ائیر پورٹ پر تعینات ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت امیگریشن کا شفٹ عملہ معطل کر دیا ہے ۔ جبکہ ہوسٹن سے مذکورہ امریکی کو ویزہ جاری کرنے والے پاکستانی کونسلیٹ کے افسران کے خلاف بھی کاروائی کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق میتھیو بریٹ نامی امریکی شہری ہفتہ کی صبح اسلام آباد ائر پورٹ پہنچا ۔ مذکورہ شخص کوکچھ سال قبل مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بنیاد پر بلیک لسٹ کرتے ہوئے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔ائیر پورٹ پر موجود امیگریشن حکام نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے امیگریشن کی اجازت دیتے ہوئے پاکستان داخل ہونے کی اجازت دے دی ۔جب اس واقعے کی اطلاع وزیرِداخلہ تک پہنچی تو انہوں نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ امیگریشن اہلکاروں کی فوری معطلی کے احکامات جاری کیے۔امیگریشن ڈیسک پر موجود دو نوں ایف آئی اے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ائیر پورٹ پر تعینات ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی معطل جبکہ متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر اور امیگریشن ڈائریکٹر سے بھی جواب طلبی کی گئی ہے۔ امریکی شہری میتھیو بریٹ جو کہ ائیر پورٹ سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا اسے بھی اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہاؤس سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور امیگریشن قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر ا س کے خلاف مقدمے کا باقاعدہ اندراج کر لیا گیا ہے۔وزیرِداخلہ نے وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ معاملے کی مکمل انکوائری کریں اور اس بات کا پتہ لگائیں کہ آیا بلیک لسٹ پر موجودامریکی شہری کو محض غفلت کی وجہ سے امیگریشن کی اجازت دی گئی یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔وزیرِداخلہ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری تعطیل کے باوجودواقعے کی مکمل انکوائری رپورٹ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پیش کی جائے۔ معاملے کی انکوائری کے لئے وزارتِ داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری کی زیر نگرانی ٹیم بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ وزیرِداخلہ نے معاملے کی تفتیش کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کی بھی ہدایت کی ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) الیاس کی سربراہی میں جے آئی ٹی ایف آئی اے، آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسران پر مشتمل ہوگی۔مزید براں ہوسٹن میں پاکستانی کونسلیٹ کے ویزہ افسران سے بھی جواب طلبی کی جا رہی ہے کہ بلیک لسٹ پر موجودامریکی شہری میتھیو بریٹ کو کیوں اورکس کے کہنے پرپاکستانی ویزہ جاری کیا گیا۔ یاد رہے کہ مذکورہ شخص کوچند برس پہلے پاکستانی نیوکلیئر تنصیبات کی جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور مشکوک سرگرمیوں اور پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے کی بنیاد پراسے ملک بدرکر دیا گیا تھا۔
نیوکلیئر تنصیبات کی جاسوسی،امریکی شہری کامعاملہ بڑھ گیا،اہم عہدیدار سمیت بڑی تعداد زِد میں آگئی

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں