لاہور( این این آئی)نیب کے ہاتھوں گرفتار سابق مینیجنگ ڈائریکٹر پیپکو کے بیان پر سابق وزیراعظم وپیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کو غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں طلب کرلیا گیا،راجہ پروپز نے ذاتی مصروفیات کے باعث مقررہ تاریخ پر پیش ہونے سے معذرت کرلی۔بتایا گیا ہے کہ پیپکو کے سابق مینجمنٹ ڈائریکٹر بشارت چیمہ نے دوران تفتیش راجہ پرویز اشرف کو بھی غیر قانونی بھرتیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ جس پر نیب نے سابق وزیراعظم کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر احمد رضا طاہر نے ڈی جی نیب کے ایما ء پر راجہ پرویز اشرف کو نوٹس بھجوا دیا ہے۔ حکام کے مطابق نوٹس میں پی پی رہنما کو تفتیشی افسر صلاح الدین کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔دوسری جانب نیب ترجمان کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے ذاتی مصروفیات کو بنیاد بنا کر پیش ہونے سے معذرت کرلی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کو مقررہ تاریخ تک پیش نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ نوٹس بھجوائے جائیں گے جس کے بعد انکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔