اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نیوی ٹربیونل نے 6 ستمبر 2014 کو کراچی نیول ڈاک یارڈ پر حملہ کیس میں ملوث پاک بحریہ کے 5 افسران کو سزائے موت سنادی‘نیوی ٹربیونل سے سزا پانے والے ایک افسر کے والد میجر ریٹائرڈ سعید احمد نے میڈیا کو بتایا۔ ان کے بیٹے سب لیفٹیننٹ حماد احمد اور دیگر 4 نیوی افسران کو، 2 سال قبل یوم دفاع پر نیول ڈاک یارڈ پر حملے کے کیس میں مجرم قرار دے کر سزا سنائی گئی۔انہوں نے کہا کہ پانچوں نیول افسران کو دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق ثابت ہونے، بغاوت، سازش تیار کرنے اور ڈاک یارڈ میں ہتھیار لے جانے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی۔ حملہ آور، پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کو ہائی جیک کرکے امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے دو حملہ آوروں کو ہلاک جبکہ چار کو پکڑ لیا تھا۔