پشاور (آن لائن)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبنوشی شاہ فرمان کی دعوت پر یونین کونسل ہوری زیٔ بڈھ بیر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی داد شیر خان ، اُن کے بیٹے مشرف اللہ خان (یونین کونسل ناظم ہوری زیٔ ) اور مجاہد خان ( صدر پاکستان پیپلز پارٹی پی کے 10 -) نے اپنے حلقہ احباب اور علاقے کے پچیس خاندانوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ یہ اعلان انہوں نے یونین کونسل بڈھ بیر میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر شاہ فرمان تھے ۔ تقریب میں علاقے کے عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے اپنے خطاب میں حاجی داد شیر خان نے پاکستان تحریک انصاف کو ملک وقوم کے لئے اُمید کی کرن قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر شاہ فرمان کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کااظہار کیا۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شاہ فرمان نے حاجی داد شیر خان ، اُن کے بیٹوں اور دیگر رفقا ء کار کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی عوا می مقبولیت میںروز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ اپنی سیاسی وابستگیاں چھوڑ کر اس پارٹی میں جوق در جوق شمولیت اختیار کرہے ہیں ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے علاقے میں تین کلومیٹر پختہ سڑک بنانے ، چار عدد سولر ٹیوب ویل لگانے اور سینیٹیشن کے لئے ایک کروڑ روپے فنڈ دینے کااعلان بھی کیا ۔