اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی کی طرف سے 23 مئی کو کچھ اخبارات میں شائع ہونے والے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان میں الیکشن کمیشن کے حوالے سے انتہائی نا زیبا الفاظ کا چناؤ کیا گیا ہے ۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خبر میں جس قسم کے الفاظ استعمال کیئے گئے ہیں وہ ایک سنجیدہ سیاستدان کے بالکل شایانِ شان نہیں ہے اور نہ ہی ایسے الفاظ کی اُن سے توقع کی جا سکتی ہے ۔ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ۔ جس کی عزت کو ملحوظِ خاطر رکھنا ہر زمہ دار سیاستدان کا فرض ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ جہاں تک انتخابی اصلاحات کے عمل کا تعلق ہے تو پاکستان تحریک انصاف باقی تمام سیاسی جماعتوں سمیت انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہے اور الیکشن کمیشن ایسی تمام اصلاحات جن سے انتخابات میں شفافیت کو تقویت ملتی ہے خیر مقدم کریگا۔