اسلام آباد(آن لائن)پولی کلینک میں ہائی پروفائل شخصیت کی میت کا معمہ حل ہو گیا،ورثا گزشتہ روز بارہ بجے میت موصول کرکے لے گئے ،جبکہ دوسری جانب گزشتہ شب مارچری کو چیک کرنے والے وارڈ ماسٹرمیت سے بدبو آنے کے باعث بے ہوش ہو کر گرگیا،تین گھنٹے تک ایمرجنسی میں داخل ہونے کے بعدصبح طبیعت بحال ہونے پر گھر بھیج دیا گیا۔آن لائن کو معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہفتہ کو مارچری کی کولنگ نہ ہونے کے باعث وہاں موجود وزیر اعظم کے مشیر اور سابق سیکرٹری کی میت خراب ہو چکی تھی بعدا زاں ایمرجنسی میں کولنگ باکس میں رکھ کر انتظامیہ نے معاملہ کافی حد تک سنبھال لیا تھا مگر اتوار کی رات کو ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے وارڈ ماسٹر شہباز نامی لڑکے کو مارچری میں میت چیک کرنے کے لیے بھیجا تو پھر کولنگ بند تھی اور لاش سے بدبو آرہی تھی ،وارڈ ماسٹر جیسے پہنچا تو سر چکرا گیا ور قے آنے کے باعث بلڈ پریشر کافی حد تک ڈاؤں ہو گیا ،حاضر ڈیوٹی سی ایم او کو معلوم ہوا تو انہوں نے فوری طور ایمرجنسی میں شہبازکو داخل کرکے ڈرپ لگا دی تین گھنٹے کے بعد ڈرپ اتار کر گھر کو روانہ کر دیا گیا۔واضع رہے کہ پولی کلینک میں بیڈ گورننس کے باعث انتظامیہ کی گرپ کافی حد تک کمزور پڑ چکی ہے جس کے باعث اس قسم کے حالات کا سامنا ہے ۔دوسری جانب اتوار کو بارہ بجے دن میت کے ورثا آئے اور لاش وصول کرکے لے گئے ہیں۔