مریدکے(این این آئی)وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہاکہ بھارت کی ایسی کی تیسی جتنے مرضی میزائل تجربے کر لے پاکستان کے پاس نہ صرف اسکا ہر توڑ ہے بلکہ اس کا ہر شہر ہماری زد میں ہے خطہ کا کبھی چودھری نہیں بن سکتا ۔مریدکے رانا فارم ہاؤس پر مسلم لیگ لائرز کے صدر چودھری اورنگزیب ریحان ایڈووکیٹ، مسلم لیگ ضلعی نائب صدر و چیئرمین مارکیٹ کمیٹی چودھری خضر رزاق ریحان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو اور عوام کی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت کا جنگی جنون اور دنیا کی اس سے چشم پوشی خطہ کیلئے خطرہ ہے بھارت کی ایسی کی تیسی جتنے مرضی میزائل تجربے کر لے پاکستان کے برابر کبھی نہیں آ سکتا اور نہ ہی خطہ کا چودھری بن سکتا ہے اس کا ہر شہر ہماری آنکھ میں ہے ۔انہوں نے کہا امریکہ ہر صورت ایف سولہ دیگا تاہم پاکستان کے پاس جے ایف تھنڈر اس کے ہم پلہ ہیں اگر امریکہ نے طیارے نہ دئیے تو پاکستان کے پاس آپشن بہت ہیں ۔انہوں نے کہا سی پیک منصوبہ ایک عظیم منصوبہ ہے جو پاکستان اور چین کی محبت کا ایک نمونہ ہے ۔انہوں نے کہا عمران خان کی سیاست پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ہے عوام کا مسترد شخص پشاور میں شکست سے اب بھی سبق سیکھ لے تو بہتر ہے شکست اسکا مقدر تھی اور رہے گی ۔