اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کیلئے امیدواروں کی نامزدگی کیلئے مشاورت کاعمل جاری ہے، ابھی تک کوئی بھی ٹکٹ فائنل نہیں ہوا تاہم مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر الیکشن کیلئے ٹکٹوں کا فیصلہ جلد کرے گی۔ اتوار کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے سردار سکندر حیات خان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اس عمل میں ان کی رہنمائی اور مشاورت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم محمد نواز شریف پارلیمانی بورڈ کی مشاورت اور اتفاق رائے سے کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے عوام کی آواز بن چکی ہے اور الیکشن جیت کر آزادکشمیر کے عوام کی محرومیاں دور کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔