کراچی(این این آئی) سابق وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے کہاہے کہ نیب کے چھوٹے افسران کو بڑے افسران سے خطرہ ہے اور مجھے خدشہ ہے کہ تفتیشی افسر کو کوئی کچھ نہ کردے اور اگر ایسا ہوا تو اس کا الزام بھی ان ہی پر لگے گا۔ہفتہ کوکراچی کی احتساب عدالت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور کمر میں بھی شدید تکلیف ہے، جس کی وجہ سے ان کے لئے کئی دنوں سے کھڑا ہونا بھی مشکل ہورہا ہے۔ اپنے اوپر عائد مقدمات پر سابق مشیر پیٹرولیم نے کہا کہ انہوں نے کوئی کوئی جرم نہیں کیا، ان پر کھاد کا بحران پیدا کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔ اس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ وزارت پیٹرولیم کا تو اتنا بجٹ نہیں جتنے الزام ان پر لگا دیئے گئے ہیں۔ درحقیقت جھگڑا تو کسی اور کا ہے لیکن ہر طرف سے انہیں ہی پھنسایا جارہا ہے، ان کی حیثیت میں تو جنگ کے دوران ملنے والے مال غنیمت جیسی ہے۔ڈاکٹرعاصم نے نیب میں اپنے خلاف مقدمات کے تفتیشی افسران کی جان کو لاحق خطرات سے متعلق سوال پر کہا کہ نیب خود اپنے لئے خطرہ ہے کیونکہ کسی اور کا بدلہ لینے کے لئے ان پر جھوٹے مقدمے بنائے گئے اور اب وہ سوچ رہے ہیں انہیں کیسے ثابت کیا جائے، نیب کے تفتیش افسران کو ان کے اعلی حکام سے خطرہ ہے۔ اب تو انہیں یہ خدشہ ہے کہ تفتیشی افسران کو کوئی ٹھوک نہ دے، اگر ایسا ہوا تو اس کا الزام بھی ان پر ہی آئے گا۔