لاہور ( این این آئی) وزیر اعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر لاہور ائیرپورٹ کی توسیع کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا، وفاقی حکومت نے ایئرپورٹ کی توسیع کا منصوبہ سپین کی نجی تعمیراتی کمپنی ’’ٹیپسا انٹرنیشنل ‘‘کو دے دیاجس نے مجوزہ توسیع کا نقشہ تیار کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے لاہور ائیر پورٹ کی توسیع کا حتمی فیصلہ کرلیا، توسیع کا ٹھیکہ سپین کی تعمیراتی کمپنی ٹیپسا انٹرنیشنل کو دے دیا گیا۔ منصوبے کی تکمیل سے ایئرپورٹ پر بیک وقت بائیس طیارے ٹرمینل بلڈنگ کے ساتھ پارک ہو سکیں گے۔ ٹیپسا انٹرنیشنل نے ایئرپورٹ کی مجوزہ توسیع کا نقشہ تیار کر لیا ہے۔ جسے پاکستان کے قومی پھول چنبیلی سے تشبیہ دی گئی ہے۔ ہسپانوی ماہرین کے تیار کردہ ڈیزائن کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کی موجودہ کار پارکنگ کو ختم کرکے وہاں آمد و روانگی لانجز تعمیر کیے جائیں گے۔ ایئرپورٹ کے سامنے گول پارک کو کار پارکنگ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ توسیع کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایئرپورٹ کی موجودہ گنجائش سے چار گنا زیادہ پروازیں اور مسافر سفر کر سکیں گے۔