اسلام آباد (آن لائن)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سبی اور مکران ڈویڑن، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، پنجاب اور خیبر پختونخواکے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے تاہم آج شام اوررات سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور ڈویڑن، اسلام آباد ، فاٹا، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی اور فیصل آباد، ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں بتایا کہ گرمی کی حالیہ لہرجنوبی پنجاب،سندھ، جنوب مشرقی بلوچستان میں 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے تاہم اتوار کوہونے والی بارشوں سے حالیہ گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب ،خیبر پختونخواکے میدانی علاقوں اورسندھ کے بعض حصوں میں شدیدگرمی رہے گی جبکہ کراچی میں آیندہ دنوں میں درجہ حرارت مزیدکم ہونے کاامکان ہے۔