ملتان(آئی این پی)سکیورٹی اداروں نے ملتان سے فرار ہونے والے6 دہشت گردوں کو مظفرگڑھ میں ایک کاروائی میں ہلاک کرکے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ مظفرگڑھ میں حساس اداروںکی کاروائی میں ہلاک ہونے والے 6دہشت گردبلوچستان کی جانب فرار ہونے کی کوشش میں مارے گئے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مظفرگڑھ میں سکیورٹی اداروں کی کاروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد وہ تھے جو بدھ کی شب ملتان میں دریائے چناب کے قریب آپریشن میں فرار ہوگئے تھے ۔مظفرگڑھ کے علاقے مونڈکا میں دہشت گردوں کیخلاف حساس اداروں کی مشترکہ کاروائی میں اہم القاعدہ کمانڈربلال لطیف عرف یاسر پنجابی سمیت چھ شدت پسند ہلاک ہوئے ۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ آپریشن مظفر گڑھ کے علاقے مونڈکا کے قریب کیا گیا۔سی ٹی ڈی اور آئی ایس آئی کے اہلکاروں نے ملتان سے فرار ہونے والے شدت پسندوں کا تعاقب جاری رکھا جن کے بارے میں معلوم ہوا تھا کہ وہ ایک سوزوکی گاڑی اورموٹر سائیکل پر سوار ہوکر ڈیرہ غازی خان کی جانب نکل گئے تاکہ بلوچستان میں مفرور ہوسکیں۔تاہم سکیورٹی اہلکاروں کو خفیہ اطلاع ملی کہ شدت پسند مظفرگڑھ میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے کسی پہر بلوچستان کی حدود میں داخل ہوں گے ۔سکیورٹی اہلکاروں نے مظفر گڑھ کے قریب مونڈکا چوک میں ناکہ لگایا گیا اور جب شدت پسند گاڑی اور موٹر سائیکل پر وہاں پہنچے تو سکیورٹی فورسز کے روکنے پر رکنے کی بجائے فائرنگ شروع کردی ،سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ تمام دہشت گرد مارے گئے ´ ۔