اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے نیوکلیئر سپلائر گروپ (این ایس جی) کی رکنیت کیلئے باضابطہ درخواست دیدی۔جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق و یانا میں پاکستان کے سفیر نے 19 مئی کو چیئرمین این ایس جی کے نام ایک خط خط میں کہا گیا کہ پاکستان نیوکلیئر سیفٹی اور سیکورٹی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان نے عالمی معیار کے مطابق نیوکلیئر سیفٹی و سیکورٹی کیلئے قانونی، ریگولیٹری اور انتظامی اقدامات کر رکھے ہیں۔ پاکستان ایکسپورٹ کنٹرول رجیم کو مستحکم قانون سازی، ریگولیٹری اور انفورسمنٹ میکنزم کا سہارا حاصل ہے۔ نیشنل ایکسپورٹ کنٹرول فہرستیں این ایس جی، ایم ٹی سی آر اور آسٹریلیا گروپ کی کنٹرول لسٹوں سے مطابقت رکھتی ہیں۔ خط کے مطابق ایک سرکاری نوٹ کے ذریعے پاکستان نے عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی کے ڈائریکٹر جنرل کو این ایس جی کے مقاصد اور این ایس جی گائیڈ لائنز کے مطابق فیصلوں کی روشنی میں ایٹمی مواد، آلات اور متعلقہ ٹیکنالوجی سمیت متعلقہ دوہرے استعمال کے آلات، مواد، سافٹ ویئر اور متعلقہ ٹیکنالوجی قوانین کی پاسداری سے آگاہ کیا تھا۔ پاکستان نے نیوکلیئر سپلائر گروپ پر زور دیا کہ وہ این ایس جی کی رکنیت کیلئے بلاامتیاز معیار اپنائیں۔ پاکستان کو این ایس جی کی رکنیت دینے سے تنظیم کی فعالیت میں مزید اضافہ ہو جائے گا کیونکہ پاکستان این ایس جی گائیڈ لائنز اور اصولوں کی مکمل پاسداری کرتا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نیوکلیئر سپلائی صلاحیتوں کا ذمہ دار ملک ہے۔