اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے اب تک مذاکرات کا مثبت جواب نہیں دیا، گلبدین حکمت یار کے بعد امید ہے دیگر گروپ بھی امن مذاکرات پر دستخط کردیں گے۔پاک افغان مذاکرات کے پانچویں دور کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان سے پاکستان مخالف بیانات امن عمل پر منفی اثرات ڈال رہے ہیں ٗکچھ ممالک تاثر دے رہے ہیں کہ پاکستان افغان طالبان کو کنٹرول کررہاہے ٗکابل سے افغان طالبان کے لئے ایک واضح مثبت پیغام آنا چاہیے۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ مفاہمت کے بغیر افغانستان میں امن نا ممکن ہے،پاکستان اور افغانستان مل کر دراندازی پر قابو پا سکتے ہیں۔ دونوں ملکوں میں اعتماد بحال کرنا ضروری ہے تاکہ امن و استحکام کی کوششوں کو بروئے کا رلایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جاتی ہے کہ پاکستان کاافغان طالبان پر مکمل کنٹرول ہے اور ہم انہیں مذاکرات کی ٹیبل پر لاکر وہ معاہدہ کراسکتے ہیں جس کی سب خواہش کررہے ہیں ، اس طرح کاتاثر غیر حقیقی توقعات کو جنم دیتا ہے اور نتیجے میں بداعتمادی ہوتی ہے ۔