لاہور (این این آئی) وزیراعظم محمد نواز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے بیرون ملک علاج پرپابندی کے لیے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔گزشتہ روز قرارداد مسلم لیگ (ق)سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی عامرچیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اوروزیراعلی پنجاب علاج اور چیک اپ کی غرض سے لندن اور دیگر ممالک جاتے ہیں اور اس مقصد کیلئے کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے استعمال ہونے والا پیسہ غریب عوام کا ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ تین ،تین باروزیر اعظم اوروزیر اعلیٰ بننے کے باوجود ایک بھی ہسپتال ایسا نہیں بنوایا گیا جہاں ان کا علاج ہو سکے۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے بیرون ملک علاج کیلئے جانے پر پابندی عائد کی جائے۔