لاہور(آئی این پی) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مجھے پتہ ہے کہ پاناما پیپرز کے معاملے پرشریف برادران کی پکڑ نہیں ہوگی لیکن اس سے ان کی اصلیت جلد دنیا کے سامنے کھل جائے گی‘ اس میں دو رائے نہیں کہ شریف برادران جنرل ضیا کی باقیات ہیں۔ جمعرات کواپنے ایک ٹی وی انٹر ویو میں چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما پیپرز کے بارے میں ٹی او آرز کے معاملے پر اتفاق رائے وزیراعظم کے استعفے سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے ہم اب بھی استعفے کے مطالبے پر قائم ہیں بس رویہ نرم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ چیئرمین بلاول بھٹو نے کیا تھا۔ سات جماعتیں استعفے کے حق میں جبکہ دو مخالف تھیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز پر اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق رائے اہم ہے‘خورشید شاہ اور میں پاناما پیپرز کے معاملے پر ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ شریف برادران جنرل ضیا کی باقیات ہیں۔