اسلام آباد(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے تحریک انصاف کی رکن ڈاکٹر شیریں مزاری کو پارلیمانی پریکٹس کی تربیت دینے کی پیشکش کردی۔جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نادرا اور خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے بلوں کی منظوری کے دوران تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری سپیکر ایازصادق کو مخاطب ہوکر کہتی رہیں کہ بل پیش کرنے سے پہلے ہمیں اس کی کاپیاں فراہم کی جائیں جس پر سپیکر ایازصادق نے کہا کہ اسمبلی سٹاف نے بلز کی کاپیاں پہلے ہی ارکان کی نشستوں پر رکھ دی تھیں،آپ کاغذات سنبھال کر رکھا کریں،سپیکر نے اسمبلی سٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کو بل کی ایک اور کاپی فراہم کردیں اور ان سے اضافی کاپی کے پیسے بھی وصول کرلیں ۔ اس دوران ازراہ مذاق سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ آپ اجلاس کے بعد میرے پاس آجائیے گا میں آپ کو پارلیمانی پریکٹس دے دوں گا۔