لاہور ( این این آئی) پنجاب میں قیامت خیز گرمی کے باوجود صوبائی محکمہ تعلیم نے قبل ازوقت چھٹیاں دینے سے انکار کر دیا جبکہ وزیر تعلیم رانا مشہود احمد کا کہنا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی 2دن کی چھٹی کے بعد موسم بہتر ہونے کی امید ہے ، اس لیے چھٹیاں یکم جون کو مقررہ وقت پر ہی ہوں گی ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے دوسرے حصوں کی طرح پنجاب بھی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے ۔ لاہور میں درجہ حرارت 46ڈگری کو چھورہا ہے تو رحیم یار خان میں 50ڈگری ہو چکا ہے ۔ لوگوں کو توقع تھی کہ سندھ کی طرح پنجاب میں بھی سکولوں میں قبل ازوقت چھٹیاں دے دی جائیں گے مگر صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد کا کہنا ہے کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں یکم جون سے ہی ہوں گی جو 14اگست تک چلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے اور اتوار کی 2دن کی چھٹی کے بعد موسم بہتر ہونے کی امید ہے ، اس لیے چھٹیاں یکم جون سے مقررہ وقت پر ہی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔