لاہور (آن لائن) ملک کے بیشتر حصے گزشتہ روزبھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے ، کراچی سمیت اندرون سندھ گرم اور خشک رہے گا ، گزشتہ روز بھی بلا خیز گرمی نے ملک بھر میں قیامت ڈھائے رکھی ، موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شدید گرمی کی لہر ہفتے تک رہے گی۔لاہور میں پارہ صبح سویرے اڑتیس ڈگری تک پہنچ گیا ، کراچی میں اڑتیس تک جائے گا ، لاڑکانہ میں پارہ اکاون اور دادو میں پچاس تک جانے کا امکان ہے۔تاریخی شہر ملتان میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت گھروں میں محصور ہو کر رہ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے لیکن بارش کی پیش گوئی نہ ہونے پر بچوں اور بڑوں نے سوئمنگ پولز کی تلاش شروع کر دی ہے۔جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد میں بھی سورج آنکھیں دکھا رہا ہے ، پارہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔جبکہ موہنجوداڑو ، جیکب آباد 50 ، سبی ، سکھر ، رحیم یار خان اور شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شدید گرمی کی لہر ہفتے تک رہے گی ، وسطی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا بھی امکان ہے۔