اسلام آباد (این این آئی) حکومت پاکستان نے بدھ مت کے پیروکاروں کی مقدس ہستی گوتم بدھ سے متعلق تبرکات سری لنکا کی حکومت کے حوالے کر دیئے ہیں جن کی 21 مئی سے 30 جون تک وساکھ میلہ کے دوران پورے سری لنکا میں لاکھوں عقیدت مند زیارت کریں گے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے جمعرات کو ٹیکسلا میوزیم میں منعقدہ تقریب میں یہ تبرکات سری لنکا کے وزیر برائے پائیدار ترقی گمینی جے وکرما پیرارا کے حوالے کئے جن کی قیادت میں سری لنکا سے خصوصی وفد بدھ مت کے پیروکاروں کے لئے یہ مقدس اشیاءلینے کے لئے خاص طور پر پاکستان آیا ہے۔ اس موقع پر سری لنکا سے آئے ہوئے چیف ان کمبنٹ نلندرامایا، نیو گیگوڈاون تھنیوالا پلیتھا تھیرو، پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل سی پی لوکو کیٹا گوڈیج، سیکرٹری وزارت بدھا ساسانا وساناتھا ایکانائے، سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر جنرل (ر) شکیل، وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن محسن ایس حقانی، جوائنٹ سیکرٹری مشہود مرزا اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات استوار ہیں اور مشکل کی ہر گھڑی میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی مدد کی اسی طرح ایک دوسرے کی خوشیوں میں بھی شریک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورہ سری لنکا کے دوران اہل سری لنکا کے لئے وساکھ کے اہم تہوار کے حوالے سے اہم تبرکات بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ آج ہم یہ اشیاءسری لنکا کے حوالے کر رہے ہیں جنہیں پورے سری لنکا میں نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی اور قربت میں اضافہ ہو گا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ بدھ بھکشوﺅں اور ان کے زائرین پر مشتمل 50 رکنی وفد 29 مئی کو پاکستان پہنچے گا اور یکم جون تک پاکستان میں وساکھ میلہ کی تقریبات میں شرکت کرے گا۔ سری لنکا کے وزیر گمینی جے وکرما پیرارا نے اس موقع پر متبرک اشیاءحوالے کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پورے سری لنکا میں ان تبرکات کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے اور ہزاروں لوگ وساکھ میلہ کی مذہبی رسومات کے دوران اپنی عقیدت کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور قریبی تعلقات استوار ہیں۔ وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن محسن ایس حقانی حکومت پاکستان کی جانب سے اس وفد کے ہمراہ ہیں جو یہ تبرکات لے کر جمعرات کی دوپہر سری لنکا روانہ ہوا۔