اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ سیاستدان جب بھی باہم دست وگریبان ہوئے تو فائدہ تیسری قوت نے اٹھایا اور برسراقتدار آکر ملک کو تباہ کیا،اگر سیاستدانوں کی لڑائی کی وجہ سے مارشل لاء لگ گیا تو ملک کی اساس تباہ ہوجائے گی، صرف سیاستدانوں کا نہیں بلکہ جرنیلوں،ججوں اور بیوروکریٹس سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے۔وہ بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کر رہے تھے۔حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ پانامہ لیکس پر بلیم گیم ہورہی ہے،ماضی میں سیاستدان ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچتے تھے مگر کرپشن کا کوئی الزام نہیں تھا بھٹو دور میں سب ارکان کو مارگلہ روڈ پر 2کنال کے پلاٹ ملے ولی خان نے پلاٹ لینے سے انکار کردیا۔پانامہ میں صرف حکومت کے لوگ نہیں اپوزیشن کے لوگ بھی شامل ہیں،خان صاحب بھی اپنی آف شور کو درست نہ قرار دیں جس کی بھی آف شور کمپنی ہے وہ غلط ہے،دولت مند خدارا رحم کریں پارلیمنٹ میں آئیں ہی نہ بلکہ اپنی دولت کمائیں پارلیمنٹ میں مڈل کلاس لوگوں کو لایا جائے جو قوم کی خدمت کرسکتے ہیں،آج کی سیاست کو جھوٹ اور کرپشن سمجھا جاتا ہے مگر ہمارے بزرگوں نے بتایا کہ سیاست خدمت کانام ہے یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت جارہی ہے کیااپوزیشن صرف حکومت کو گرانے کیلئے ہوتی ہے اپوزیشن کا اصل کام حکومت کی درست سمت میں رہنمائی کرنا ہے،جب سیاستدان باہم دست گریباں ہوتے ہیں تو تیسری قوت آتی ہے تیسری قوت جب بھی آئی پاکستان کو تباہ کیا اگر مارشل لاء لگ گیا تو ملک کی اساس اور بنیاد کے ساتھ زیادتی ہوگی،مارشل لاء لگوانے کی سوچ ملکی اساس کے خلاف ہے، جرنیل کرپشن کریں تو کوئی پوچھنے والا نہیں وہ بات بھی نہیں کرنے دیتیت سیاستدانوں، جرنیلوں،ججوں اور بیوروکریٹس کا سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے۔(خ م+ع ع)