لاہور (این این آئی )سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکمرانوں سے اب مفاہمت نہیں بلکہ کھلی جنگ ہوگی اور نواز شریف کو اب گھر جانا ہوگا ، پیپلز پارٹی حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر کے ہی دم لے گی ، پانامہ لیکس کے الزامات کے بعد وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب میں پیپلز پارٹی کے دو روزہ تنظیمی دورہ کے دوران پیپلز پارٹی کے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی ختم ہوگئی ہے وہ ننکانہ صاحب آکر دیکھ لیں پیپلز پارٹی ہر گلی کوچے میں زندہ ہے پارٹی کارکنان بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی خدمت کرتی رہے گی ، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جولوگ میڈیا پر آکر جھوٹ بولتے رہے اور پیپلز پارٹی کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کرتے رہے ہم نے نہ صرف ان کو برداشت کیا بلکہ جسٹس افتخار محمد چوہدری اور نیب کو بھی برداشت کیا انہوں نے کہا کہ جس دن ہم میں کرپشن نکلی تو اس دن ہم خود ہی اپنے آپ کو پھندا ڈال کر ختم کر لیں گے کیونکہ ہم نے اپنا بچپن اور جوانیاں لٹا کر ان عہدوں تک پہنچے تھے ،ہم آگ پرچل کر بھی اپنی بے گناہی ثابت کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جنہوں نے اربوں کھربوں کی کرپشن کی اور اپنے آپ کو پاک صاف کہتے تھے انہیں پانامہ لیکس نے پکڑلیا ہے جو اب عوام کے احتساب سے نہیں بچ سکتے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بجلی کے یونٹ کی قیمت 4روپے تھی اب 15روپے ہے ہمارے دور میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ صرف سردیوں کو ہوتی تھی مگر مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں تو گیس کی لوڈ شیڈنگ گرمیوں کو بھی ہورہی ہے ، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مزدور، کسان ، تاجر حتی کہ ہر شخص خوشحال تھا مگر مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں مزدور، کسان، تاجر ہر طبقہ پریشان ہے لوگ مسلم لیگ(ن) کی حکومت سے اکتا چکے ہیں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے صرف پی ٹی آئی کا دھرنا دیکھا ہے پیپلز پارٹی کا دھرنا نہیں دیکھا جب پیپلز پارٹی نکلے گی تو اس کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، مفاہمت اور دوستی کا وقت ختم ہوگیا ہے اب ہم میدان میں لڑیں گے انہوں نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی کی حکومت برسر اقتدار آئی تو مالا کنڈ اور سوات میں پاکستان کا پرچم اترا ہوا تھا اور 25لاکھ لوگ بے گھر تھے ہم نے اقتدار میں آکر مالا کنڈ اور سوات میں پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور ان بے گھر لوگوں کو ان کے گھروں میں بیٹھایا ، موجودہ حکومت نے 80فیصد کاشتکاروں کی کمر توڑ دی ، پیپلز پارٹی کے دور حکومت سے پہلے گندم باہر سے منگوائی جاتی تھی ہم برسر اقتدار آئے تو کسان خوشحال ہوا اور گندم باہر بھجوانی شروع کردی انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر پاک افواج نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں، پیپلز پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو عظیم لیڈر تھے جنہوں نے ہمیشہ عوام کے لئے جدوجہد کی اب محترمہ بینظیر بھٹو کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کی شکل میں پاکستان کاآنے والا کل دیکھ رہا ہوں انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری علیحدہ علیحدہ ہیں میں ان کو بس یہی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ نہ بیٹا باپ اور نہ باپ بیٹے سے جدا ہوسکتا ہے ، ہم نے بلاول بھٹو کی قیادت میں آگے بڑھنا ہے اور ملک سے کرپشن، لوٹ مارکو ختم کرنا ہے، بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مستقبل ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں ننکانہ میں محکمہ اوقاف کے مزارعین کا ٹھیکہ فی ایکڑ ایک من گندم کے برابر مقرر کر رکھا تھا جبکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اسے بڑھا کر 15ہزار روپے فی ایکڑ کردیا ہے صرف اس لیے کہ سالہا سالوں سے بیٹھے ہوئے مزارعین سے محکمہ کی زمین کا قبضہ واپس لے لیا جائے ، چیئرمین اوقاف صدیق الفاروق نے ننکانہ میں مقامی ایم پی اے کو قبضہ گروپوں کا مورد الزام ٹھہرایا مگر ایف آئی آر ایم پی اے کی بجائے غریب نامعلوم مزارعین کے نام درج کردی گئی کیا ایسی ظالم حکومت قائم رہ سکتی ہے جو غریبوں کی توہین کرے ہم اس واقعہ کی پرزورمذمت کرتے ہیں اس موقعہ پر پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت ندیم افضل چن، چوہدری ندیم اصغر کائرہ، رانا فاروق سعید اور چوہدری منظور احمد کے علاوہ سابق ارکان اسمبلی رائے شاہجہاں احمد خاں بھٹی، سید ابرار حسین شاہ، رائے محمد اسلم خاں کھرل ودیگر بھی موجود تھے۔ سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف پارٹی کے دو روزہ تنظیمی دورہ پر گزشتہ رات جب ننکانہ صاحب پہنچے تو پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے مانانوالہ چوک ننکانہ میں ان کا پرتپاک استقبال کیا ، پیپلز پارٹی کے جیالے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن، چوہدری ندیم اشرف کائرہ، رانا فاروق سعید اور چوہدری منظور احمد کو جلوس کی شکل میں شہر کی مین ریلوے روڈ سے پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے رائے شاہجہاں احمد خاں بھٹی کی رہائش گاہ پر لایا گیا راستہ میں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے جگہ جگہ پیپلز پارٹی کے قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ، پیپلز پارٹی کی قیادت نے ننکانہ صاحب میں اپنے دو روزہ قیام کے دوران پیپلز پارٹی کے ورکروں ، اوقاف کے مزارعین، وکلاء کے وفد ، صحافیوں، پی ایس ایف، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن ودیگر وفود سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان سے پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی اور پیپلز پارٹی کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں تجاویز بھی لیں، سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے صحافیوں کو بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پارٹی کی کمیٹی ہر ضلع میں جارہی ہے تاکہ روٹھے ہوئے کارکنوں کو منایا جائے اور ورکروں کے جوش اور جذبے کو گرمایا جائے تاکہ بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے موقعہ پر ہر ضلع میں پارٹی فعال اور مضبوط ہو ۔