اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کھل کر وضاحت کردی دی ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا گیا اور نہ ہی بائیکاٹ ٗ اپوزیشن لیڈر نے جو کچھ کہا ہم اسے تسلیم کرتے ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے پرویزرشید نے کہا کہ وزیراعظم دوروز قبل ایوان میں تشریف لائے ٗانہوں نے اپنی بات کہی اور سب ان کی بات سننے کیلئے بیٹھے رہے لیکن اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کرگئی اور اس حوالے سے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کھل کروضاحت فرما دی کہ نہ ہی پیر کے روز پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا گیا اور نہ ہی بائیکاٹ تاہم ہم منتظر تھے کہ اپوزیشن بات کرے اورہم انہیں سنیں۔پرویزرشید نے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت جلدی میں ہیں، ان کی بہت مصروفیات ہیں، یہ 3 دن پہلے پاکستان پہنچے ہیں ان کو موقع ملنا چاہئے، ہم ان کی تقریرسنیں گے لیکن خورشید شاہ صاحب سے ہماری معصومانہ خواہش ہے کہ جیسے آپ کی بات سنی گئی مہربانی کر کے آپ ہماری بات بھی سنئے گا۔