کرا چی (این این آئی)کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فلیٹ سے تشدد زدہ لاش برآمدہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک نمبر 10 میں واقع فلیت سے لاش ملی ہے ، جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے۔پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ طارق بن شیخ ولد داد کے نام سے ہوئی ہے ۔ مقتول تین دن قبل اومان سے کراچی آیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقتول کو نامعلوم افراد نے تشدد کرکے قتل کیا ہے ۔ مقتول کے سر پر بھی چوٹ کے نشان ہے اور شبہ ہے کہ مقتول کا گلا دبا کر ہلاک کیا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اپنے والد سے ملنے کراچی آیا تھا ۔ اومان میں پڑھائی کے بعد کام کر رہا تھا ۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔