اسلام آباد/کراچی (آئی این پی )قومی احتساب بیورو(نیب )کی ٹیم نے دفترخارجہ میں چھاپہ مارکرڈائریکٹر امور خارجہ شفقت چیمہ کوگرفتارکرلیا ،شفقت چیمہ پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے اور انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے کاالزام تھا،ملزم کو آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران احتساب عدالت پیش کرکے جسمانی ریمانڈلیاجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو نیب کی ٹیم نے دفترخارجہ میں چھاپہ مار ا جس دوران اس نے ڈائریکٹر امور خارجہ شفقت چیمہ کوگرفتارکرلیا۔ نیب زرائع کے مطابق دفترخارجہ کے ڈائریکٹرشفقت چیمہ کیخلاف دوماہ سے انکوائری جاری تھی تحقیقات مکمل ہونے پرانہیں گرفتارکرلیاگیا۔ شفقت چیمہ انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث رہے ہیں اوران پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے کابھی الزام ہے ۔شفقت چیمہ کے بنک اکاونٹس سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے وہ قیمتی پلاٹس کے بھی مالک ہیں ۔ ڈائریکٹردفترخارجہ پرسوسے زائد بلیوپاسپورٹ بھی فروخت کرنے کاالزام ہے شفقت چیمہ وزارت خارجہ میں بھوٹان سری لنکا اورمالدیپ ڈیسک کے انچارج ہیں جنہیں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران احتساب عدالت پیش کرکے جسمانی ریمانڈلیاجائے گا۔ ادھر کراچی میں نیب نے کرپشن کے الزام میں اپنے ہی ادارے کے ایک اسسٹنٹ دائریکٹر کو بھی گرفتار کرلیا۔