اسلام آباد(آئی این پی)اپنے بھی ساتھ چھوڑ گئے،ن لیگ لرز اُٹھی، اراکین اسمبلی کو نوٹس اور سخت ترین ہدایات کے باوجودچھٹی بار کورم پورا نہ ہونے پر حکمران جماعت لرز اُٹھی،اعلیٰ قیادت نے فوری طورپر سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا،تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے رواں سیشن میں حکومت کو چھٹی بار کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے خفت و شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا،آزاد رکن جمشید دستی کی نشاندہی پر قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے40منٹ تک معطل رہا۔منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت 14منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول کے بعدسپیکر ایاز صادق نے ایوان کی کارروائی کا آغاز کیا تو آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی ،جس پر گنتی کے بعد سپیکر ایاز صادق ایوان کی کارروائی کورم پورا ہونے تک معطل کر دی۔کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ایوان زیریں کی کارروائی 40منٹ تک معطل رہی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا رواں سیشن 9مئی سے شروع ہوا،7روز میں سے 6روز کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے قومی اسمبلی کی کارروائی معطل کی گئی۔