اسلام آباد/لاہور(این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف معاملہ کو الجھا رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ حل کی طرف آئیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پانامہ لیکس کے حوالے سے جو سات سوال وزیراعظم کو کافی دن پہلے پیش کیے تھے انہیں ان کا جواب دینا چاہئے تھا، خیال تھا کہ وہ کچھ نہ کچھ سوالوں کے جواب تو دیں گے لیکن توقعات کے برعکس انہوں نے اپوزیشن کے سوالات کا جواب دینا تو کجا کسی ایک سوال کا ذکر تک نہیں کیا جس کے باعث اپوزیشن نے باہمی مشورہ سے اجلاس سے واک آؤٹ کا فیصلہ کیا اور منگل کو متحدہ اپوزیشن اس صورتحال پر غور کرے گی اور آئندہ متفقہ لائحہ عمل طے کرے گی۔