کراچی(این این آئی)سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم وقدرتی وسائل ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف نیب کی جانب سے 462 ارب کی کرپشن کیس میں پہلے گواہ کابیان سامنے آگیاہے۔بیان کے مطابق ضیاء الدین اسپتال ٹرسٹ کے فنڈ پر چل رہا ہے، لیکن فنڈ فلاح انسانیت کے بجائے، کمرشل طور پر استعمال ہو رہا ہے ۔گواہ آج(جمعرات)بیان ریکارڈ کرائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف نیب کی جانب سے 462 ارب کی کرپشن کیس میں گواہی دینے والا راحیل شاہنواز ضیاء الدین اسپتال کے آڈٹ ڈپارٹمنٹ کا انچارج ہے،جس نے اپنے بیان میں کہاہے کہ میں نے اپنی مرضی سے بنا کسی دباؤ کے بیان دیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اسپتال ٹرسٹ کے فنڈ پر چل رہا ہے لیکن فنڈ فلاح انسانیت کے بجائے، کمرشل طور پر استعمال ہو رہا ہے۔چندے کے نام پر جمع کی جانے والی رقم غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب 13 مئی کو احتساب عدالت میں راحیل شاہنواز بیان ریکارڈ کرائے گا ، واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم سمیت 6 ملزمان پر متعلقہ ریفرنس میں پہلے ہی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔