اسلام آباد (این این آئی)عدالت نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا ۔سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو بلٹ پروف گاڑی دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف وفاق کی انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے بلٹ پروف گاڑی کی فراہمی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا ہے اورمعاملہ واپس سنگل بینچ کو بھجوا دیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اس سے قبل سابق چیف جسٹس کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا جس پر وفاق نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی ٗاسلام آباد ہائی کورٹ نے 7 مارچ 2016کو دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔انٹراکورٹ اپیل میں وفاق نے موقف اختیار کیا تھا کہ وزارت قانون اور کابینہ ڈویڑن کا موقف سنے بغیر بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم جاری کیا گیا ٗوزیراعظم نے صرف تین ماہ کے لیے بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کی منظوری دی تھی۔ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے وکلائکا موقف تھا کہ ان کے موکل کو سیکورٹی خدشات سے خود وزارت داخلہ نے آگاہ کیا تھا۔ اگر وفاق کے نزدیک خدشات دور ہو گئے ہیں تو وہ تحریری ضمانت دی جائے تو گاڑی واپس کر دی جائے گی۔