لاہور( این این آئی)علی حیدر کو کس نے بازیاب کرایا،یوسف رضاگیلانی نام زبان پر لے آئے،یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی امریکی اور افغان فورسز کے مشترکہ آپریشن کے باعث ممکن ہوئی ہے اور میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہباز تاثیر اورعلی حیدر گیلانی کی بازیابی کے بعد پیپلزپارٹی کیلئے اچھی خبروں کی شروعات ہو چکی ہے ،علی حیدر گیلانی کی بازیابی پیپلز پارٹی اور انکے خاندان کیلئے خوشی کا باعث ہے ،ہم انتظار کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں آئیں اورپانامہ لیکس پر جواب دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ اسلام آباد سے لاہور پہنچنے کے بعد اولڈ ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا بھائی تین سال بعد واپس آیا ہے اور میں انہیں ملنے کیلئے آیا ہوں ۔ شہباز تاثیر کے بعد حیدر گیلانی کی بازیابی ہو گئی ہے اور اب کہا جا سکتا ہے کہ پیپلز پارٹی کیلئے اچھی خبروں کی شروعات ہو چکی ہے اور اچھی خبروں سے جذبہ بلند ہوتا ہے ۔ انہوں نے علی حیدر گیلانی کی بازیابی میں دہشتگردی کیخلاف پالیسی کا عمل دخل ہونے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتا ،یہ تو علی حیدر گیلانی سے بات کروں گا تو معلوم ہوگا ۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جمعہ کے روز پارلیمنٹ میں آمد اور پانامہ لیکس کے معاملات پر جواب دینے کے سوال کے جواب میں کہا کہ میں آج صرف علی حیدر گیلانی پر بات کروں گا ۔ ویسے ہم انتظار کر رہے ہیں کہ وہ آئیں اور جواب دیں ۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی امریکی اور افغان فورسز کے مشترکہ آپریشن کے باعث ممکن ہوئی ہے اور میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ انہوں نے بتایا کہ میں صبح اس لئے لاہور نہیں آسکا تھا کہ کیونکہ میری عدالت میں پیشی تھی اورہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ عدالت سے میرے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہوئے تھے اور میں ضمانت قبل از گرفتاری کرانے عدالت گیا تھا کیونکہ مجھے 19مئی کو کراچی جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی طرف سے پوری قوم ، اپنی جماعت ، دوست احباب کو علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔