کراچی(این این آئی)سول سوسائٹی کے نمائندے خرم ذکی کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، تفتیشی حکام نے ملزمان کے خاکے تیار کر لیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے سماجی کارکن خرم زکی کو قتل کرنے والے ملزمان کے خاکے تیار کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق عینی شاہدین اور خرم زکی کے زخمی دوستوں کے بیانات کی مدد سے ملزموں کے خاکے تیار کیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 19 خول ملے جنہیں قبضے میں لیکر فارنزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا۔ خرم زکی کے قتل میں نائن ایم ایم کے دو پستول استعمال ہوئے یہ پستول پہلے کسی واردات میں استعمال نہیں ہوئے ہیں۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خرم زکی کے قتل کے تانے بانے سبین محمود قتل سے بھی ملتے ہیں۔ جس کی بنا پر زیر حراست کالعدم تنظیموں کے کارکنوں سمیت سبین محمود قتل میں گرفتار ملزموں سے بھی تفتیش کی جائے گی۔