لاہور ( این این آئی )سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹرپر سابق وزیر اعٖظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر خوشی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا ، بلاول بھٹو زرداری ، آصفہ بھٹو زرداری ، شہباز تاثیر سمیت دیگر کی جانب سے حیدر گیلانی اور ان کے خاندان والوں کے لئے مبارک باد کے پیغامات بھیجے گئے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کو تین سال بعد افغانستان میں ایک آپریشن کے نتیجے میں بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ٹوئٹر پر اس خبرکا ردعمل خوشی کا ہے اور دنیا بھر سے لوگ حیدر گیلانی اور ان کے خاندان والوں کو مبارک باد کے پیغامات بھیج رہے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ وزیر اعظم کو افغانستان کے سفیر سے فون کال موصول ہوئی ہے۔ ان کے بیٹے حیدر گیلانی کو افغانستان میں ایک آپریشن کے نتیجے میں بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ الحمد للہ۔ساتھ ہی ساتھ سابق گورنر پنجاب کے بیٹے شہباز تاثیر، جو ساڑھے چار برس اغوا کاروں کی قید میں رہنے کے بعد اس سال آٹھ مارچ کو بلوچستان کے علاقے کچلاک سے برآمد ہوئے تھے، انہوں نے بھی ٹوئٹر پر خوشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ 2016ء بہت زبردست سال ہے۔ ٹویٹ کے ساتھ انھوں نے پاکستان کے جھنڈے کا ایموٹیکون بھی چسپاں کیا ہے۔اس کے فوراً بعد شہباز نے حیدر گیلانی کا ٹوئٹر کے ذریعے استقبال کرنے ہوئے کہاکہ خوش آمدید حیدر گیلانی۔آصفہ بھٹو نے بھی ایک ٹویٹ میں لکھاکہ اس خوشخبری پر اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے۔ حیدر گیلانی جلد ہی اپنے خاندان والوں کے ساتھ آن ملیں گے۔