اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ کے اجلاس میں پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن نے منگل کو بھی واک آؤٹ کر تے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم کے ایوان میں آنے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت اجلاس میں پانامہ لیکس کے تذکرے پر سینیٹ نے واک آؤٹ کر دیا۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ سنا ہے وزیراعظم قومی اسمبلی میں آ رہے ہیں ، کیا انہوں نے سینیٹ سے متعلق کوئی یقین دہانی کرائی ہے؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قومی اسمبلی میں آتے ہیں تو آتے رہیں ٗسینیٹ میں آنے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ اگر وزیر اعظم قومی اسمبلی میں آرہے ہیں تو انہیں سینٹ میں بھی آنا چاہیے ۔دوسری جانب اپوزیشن کے واک آؤٹ کی وجہ سے تحاریک التواء اور توجہ مبذول کرانے کے نوٹسز پر کارروائی نہ ہو سکی۔ اجلاس میں سینیٹر سسی پلیجو، سینیٹر میاں عتیق شیخ اور سلیم ایچ مانڈوی والا کی طرف سے مختلف تحاریک التواء منظوری کے تعین کے لئے ایجنڈے پر تھیں۔ اس کے علاوہ توجہ مبذول کرانے کے نوٹس بھی ایجنڈے پر تھے تاہم اپوزیشن کے ایوان بالا سے واک آؤٹ کی وجہ سے ان پر کارروائی نہ ہو سکی۔