لاہور(آن لائن) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ حکمران پارلیمینٹ میں آنے سے گھبرا رہے ہیں مگر انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے ۔پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف اگر استعفیٰ دے کر سٹیپ ڈاﺅن نہیں کرتے تواپنے خلاف قومی تحریک کیلئے تیار ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پہلے خود کٹہرے میں آنا ہو گا کیونکہ حکمران ادھر ادھر کی باتیں کر کے بچ نہیں سکتے اور اگر ان پر الزام ثابت ہو گیا تو پھر وہ گھروں میں نہیں جیلوں میں جائیں گے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) پہلے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا جواب دے۔میاں محمودالرشید کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی کابینہ میں وزراءکی اکژیت کرپٹ ہے اور اس لئے وہ شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ پاناما لیکس نے کرپٹ مافیا اور قرضہ خوروں کے چہروں سے نقاب الٹ دیا ہے۔