اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے عمل کے دوران کل 28517 ووٹوں کے کاؤنٹر فوائل غائب پائے گئے۔ پانچ پولنگ اسٹیشنوں کے بیگ ہی غائب جبکہ 25 پولنگ سٹیشنوں کی 21817 ووٹوں کے کاؤنٹر فوائل نہیں ملے۔ آن لائن کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بارے میں ریٹرننگ افسر خان محمود نے انتخابی تھیلوں اور پولنگ دستاویزات کی کاؤنٹر فوائل میں فرق کے بارے میں اپنی رپورٹ جاری کردی ہے۔ ریٹرننگ افسرکی رپورٹ کے مطابق حلقہ این اے 110 کے پانچ پولنگ سٹیشنز کے بیگ لاپتہ ہیں جن میں 6700 ووٹ کاؤنٹر فوائل تھے۔ 25 پولنگ سٹیشنوں کے ڈالے گئے ووٹوں کے کاؤنٹر فوائل نہیں ملے ان 25 پولنگ سٹیشنوں کے کل لاپتہ کاؤنٹر فوائل کی تعداد 21817 ہے۔ اس طرح حلقہاین اے 110 کے کل 28577 کاؤنٹر فوائل غائب پائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 38 پولنگ سٹیشنوں کے تھیلوں کی سیلیں ٹوٹی ہوئی تھیں ۔ 78 پولنگ سیشنز کے کاؤنٹر فوائل کپڑے کے تھیلوں سے ملے۔ 6 پولنگ سٹیشنوں کے کاؤنٹر فوائل شاپنگ بیگوں سے ملے جس کی الیکشن کمیشن کو شکایت نہیں کی گئی جبکہ 93 پولنگ سٹیشنوں کے لفافے کھلے ہوئے ملے ہیں۔