لاہور (نیوزڈیسک)لاہور کے جلسے میں شریک خواتین کے ساتھ بدتمیزی کے واقع کے بعد پی ٹی آئی انتظامیہ حرکت میں آگئی اور فیصل آباد میں 20 مئی کو ہونے والے جلسے کیلئے فول پروف انتظامات کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں کے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فیصل آباد میں ہونے والے جلسے میں 20 ہزار کرسیاں لگائی جائیں گی جبکہ خواتین انکلوژر میں داخلی اور خارجی راستے الگ الگ بنائے جائیں گے تاکہ خواتین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جبکہ خواتین کی حفاظت کیلئے 100 کارکن تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اسی طرح خواتین کی سائیڈ پر مردوں کا داخلہ بھی مکمل طور پر بند ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ خواتین رہنماوں کیلئے الگ سٹیج نہیں بنایا جائے گا بلکہ ایک ہی مرکزی سٹیج 25 فٹ چوڑا، 60 فٹ لمبا اور 15 فٹ اونچا ہوگا۔ مذید براں فیصل آباد میں پی ٹی آئی کی جنرل کونسل کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے جس میں پی ٹی آئی فیصل آباد کے تمام دھڑے شریک ہوں گے اور جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔