کراچی/راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم دےدیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ¾آرمی چیف نے آفتاب احمد کی موت کے حوالے سے سچ سامنے لانے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا حکم دیا ہے۔قبل ازیں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی ہدایت پر بھی آفتاب احمد کی موت کے محرکات جاننے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی گئی، تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی رینجرز سیکٹر کمانڈر کریں گے جو جلد ازجلد تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ ڈی جی رینجرز کو پیش کریں گے۔رینجرز کے ترجمان کے مطابق واقعے میں ممکنہ طورپرملوث اہلکاروں کومعطل کردیا گیا ہے ¾ جلد ازجلد سیکٹرکمانڈرزتحقیقات کو مکمل کرکے حقائق سامنے لائیں گے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے رینجرزکی تحویل میں دیئے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور فاروق ستارکے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد دوران حراست انتقال کرگئے تھے جس پرایم کیوایم نے اعلی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔