اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ شکیل آفریدی کی قسمت کا فیصلہ پاکستان کی حکومت اور عدالتیں کریں گی نہ کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ، پاکستان کی قربانیوں کے بدلے کے دی جانے والی امداد کو دھمکی کے طور پر استعمال نہ کیاجائے ، پاکستان امریکہ کی کالونی نہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان ا س کی بے حسی پاکستان کے بارے میں اس کی لا علمی کا واضح عکاس ہے،ڈونلڈ ٹرمپ خود مختار ممالک کے ساتھ ادب و احترام سے پیش آنے کا سلیقہ سیکھیں ۔پیر کو امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ شکیل آفریدی کی قسمت کا فیصلہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی عدالتیں کریں گی نہ کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ، اگرچہ وہ امریکہ کے صدر بھی بن جائیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کے فاکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ شکیل آفریدی پاکستانی شہری ہے اور کوئی شخص بھی ہمیں اس کے مستقبل کے بارے میں ڈکٹیٹ کرنے کا حق نہیں رکھتا، نہ صرف شکیل آفریدی بلکہ پاکستان کے حوالے ٹے ڈونلڈ ٹرمپ کابیان غلط ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کی کالونی نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کو خود مختار ممالک کے ساتھ ادب و احترام سے پیش آنے کا سلیقہ سیکھنا چاہیے اس نے امریکی پالیسیوں کی حمایت میں پاکستانی قربانیوں کو نظر انداز کیا ، لگتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس بات سے اور اس تائید سے لاعلم ہیں کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کے عوام کئی سالوں سے امریکہ کی پالیسیوں کی حمایت کر رہے ہیں، امریکہ نے اس کے بدلے میں جو پی نٹس دیئے ہیں اس کو دھمکی کے طور پر استعمال نہ کیا جائے اور نہ ہی ہمیں ڈونلڈ ٹرمپ کی گمراہ کن پالیسی کی پیروی پر مجبور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے بہت کچھ برداشت کیا اور کئی سالوں تک امریکہ کی پالیسیوں کی حمایت کی قیمت ادا کی،ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان نہ صرف اس کی بے حسی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ پاکستان کے بارے میں اس کی لا علمی کا بھی واضح عکاس ہے۔(اح+ن