لاہور(نیوز ڈیسک ) سبزہ زار کے علاقہ نیو اعوان ٹاؤن میں شوہر نے بیوی کے ناراض ہو کر جانے پر سسرالی گھر کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے بیوی اور بیٹی سمیت چار افراد بری طرح جھلس گئے ، واقعے میں ملزم خود بھی زخمی ہو گیا ،ریسکیو 1122نے آگ پر قابو پانے کے بعد جھلسنے والے تمام افراد کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ سبزہ زار کے علاقہ نیو اعوان ٹاؤن کے رہائشی محمد اسلم کی اہلیہ صفیہ بی بی خاوند سے جھگڑ کر والدین کے گھر چلی گئی تھی ۔ گزشتہ روز اسلم پیٹرول کی بوتل لے کر سسرالی گھر جا پہنچا اورتلخ کلامی کے بعد پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں اسلم کی اہلیہ صفیہ بی بی ، بیٹی ارم بی بی ، ساس زبیدہ بی بی ،محمود اور نازیہ جھلس کر زخمی ہو گئیں ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے آگ پر قابو پانے کے بعد جھلسنے والے تمام افراد کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کردیا ۔ واقعے میں ملزم اسلم خود بھی جھلس کر زخمی ہو گیا جسے پولیس نے طبی امداد کے بعد اپنی حراست میں لے لیا ۔