لاہور (نیوز ڈیسک ) تحریک انصاف کے مال روڈ پر ہونیوالے جلسہ میں خواتین سے بدتمیزی اور انہیں ہراساں کرنے والوں کیخلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ در ج کرلیا گیا ۔ اتوار کے روز مال روڈ چےئرنگ کراس چوک میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں خواتین سے بد تمیزی اور انہیں ہراساں کیا گیا جس پر تھانہ ویمن پولیس اسٹیشن سول لائن کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق خواتین سے بدتمیزی کرنے والے افراد کو جلسہ گاہ میں سکیورٹی کیلئے لگائے گئے سی سی ٹی کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے شناخت کر کے گرفتار کیا جائے گا ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں بھی خواتین سے بد تمیزی کے واقعات پیش آئے تھے جس پر عمران خان نے پارٹی کی خواتین سے معافی مانگنے کے علاوہ اس کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔