کراچی(این این آئی) سندھ حکومت کی 150سے زائد گاڑیاں اہم سیاسی شخصیات اور افسران کے قبضے میں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ سرکار کی ڈیڑھ سو سے زائدگاڑیوں پر اہم سیاسی شخصیات اور افسران قابض ہیں۔سندھ میں روایت ہے کہ جتنا سینئروزیر ہو گا اتنی زیادہ گاڑیاں ملیں گی۔ وزیرکو ایک گاڑی ملتی ہے لیکن سینئیر وزیر تعلیم نثارکھوڑو کے پاس دو گاڑیاں ہیں۔وزیر صحت جام مہتاب بھی گاڑیوں کے معاملے میں خوش نصیب ہیں ان کے پاس بھی دو گاڑیاں ہیں۔وزیرزراعت علی نواز مہر کے دور میں کھیتوں میں کچھ اگے نہ اگے لیکن ان کے پورچ میں گاڑیوں کی فصل پر بہار ضرور آرہی ہے۔ان کے پاس بھی حکومت کی دوگاڑیاں ہیں۔الماس پروین سینٹ کی رکن ہیں مگرگاڑی سندھ حکومت کی استعمال کررہی ہیں۔رینجرز اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت کو مشوروں سے نوازنے والے مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب کے پاس بھی دو گاڑیاں ہیں۔ مشیر اصغر جونیجو بھی دو گاڑیوں کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ روبینہ قائم خانی ایک سال سے وزیر تو نہیں ہیں لیکن ان کے استعمال میں اس وقت چار سرکاری گاڑیاں ہیں۔اور تو اور سیاسی شخصیات کے یہ رنگ دیکھ کر سرکاری افسران کے بھی ڈھنگ بدل گئے ہیں جو عہدے سے تو ہٹ گئے ہیں گاڑیوں کے مزے اب بھی لوٹ رہے ہیں۔