لاہور(نیوزڈیسک)صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہاہے کہ بلاول بھٹو زرداری کرپشن کو ٹارگٹ کرنے سے پہلے اپنے گھر کی خبر لیں پھر الزام تراشی کریں ،نوازشریف نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھایا تھا ،تخت رائے ونڈ نہیں بلکہ کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست ڈول رہی ہے ،پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے وزیراعظم کو بھارت کا دوست کہنا سیاسی ناپختگی ہے ۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے کوٹلی میں جلسہ میں خطاب پر اپنے رد عمل میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ بلاول بھٹو صرف تقریروں سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی ۔ بلاول کرپشن کو ٹارگٹ کرنے سے پہلے اپنے گھر کی خبر لیں جہاں سے روزانہ نت نئی خبریں نکلتی ہیں۔ تخت رائے ونڈ نہیں بلکہ کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست ڈول رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا ۔ پاکستان کوایٹمی صلاحیت کا حامل ملک بنانے والے وزیر اعظم کو بھارت کا دوست کہنا سیاسی نا پختگی ہے۔