مریدکے / فیروزوالہ(نیوزڈیسک) ایک سال قبل قتل ہونے والے صنعت کارکی بیوی کو بھی نامعلوم افراد نے گھر میں اکیلی پا کرقتل کرکے نعش کو آگ لگا دی ٗ واقعہ کیخلاف تاجر اور مذہبی تنظیمیں سراپا احتجاج بن گئیں۔ سوا سال قبل معروف صنعت کار و تاجر شاہد شکیل کمبوہ کو اسکی بیوی کے سامنے نامعلوم قاتلوں نے قتل کردیا تھا جس کے 3 بچے تھے۔ واقعہ کے وقت 35 سالہ مقتولہ نازیہ گھر میں اکیلی تھی اور بچے سکول گئے ہوئے تھے ٗسفاک قاتلوں نے قتل کے بعد نعش کوآگ لگا کر اوپر کمبل ڈال دیا اور فرار ہو گئے۔ سکول سے آنے کے بعد تینوں بچے عثمان اور اسکی دو بہنیں واپس آئیں تو گھر میں نازیہ کی جلی ہوئی نعش کے اوپر کمبل پڑا تھا۔ معصوم بچوں کی چیخ و پکار پر محلے دار جمع ہوئے ٗ دریں اثنا شہر کی تاجر اور مذہبی تنظیموں نے مقتولہ کے سفاکانہ قتل پر شدید احتجاج کرتے ہوئے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔