لاہور(نیوزڈیسک )وزیرِاعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر بورڈ آف ریونیو پنجاب نے ریونیو عدالتوں میں زیرِ سماعت اوور سیز پاکستانیوں کے ریونیو جوڈیشل مقدمات کا فیصلہ90دن میں کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ اس ضمن میں کمشنراوور سیز پاکستانیزکمیشن (اوپی سی) پنجاب افضال بھٹی اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوجوادرفیق ملک کے درمیان ملاقات کے دوران ریونیو عدالتوں میں زیر سماعت اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات کے جلد فیصلے کے حوالے سے تفصیلات طے کی گئیں۔ ملاقات کے دوران یہ طے پایا کہ ریونیو عدالتوں میں مذکورہ بالا مقدمات کا فیصلہ تین سماعتوں کے بعد یقینی بنایا جائے گااور او پی سی اور بورڈ آف ریونیو کے حکام ہر پندرہ دن بعد ان مقدمات پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے ۔ اجلاس کے دوران سینئر ممبر بورڈ آف ریونیونے کمشنر او پی سی کو بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع کے ریونیو افسران کو بھی اوور سیز پاکستانیو ں کے زیر سماعت مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔افضال بھٹی نے اس موقع پر کہا کہ ریونیو عدالتوں میں زیر سماعت اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات کے جلد فیصلے کیلئے بورڈ آف ریونیو کے افسران کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ جواد رفیق ملک نے کمشنر اوپی سی افضال بھٹی کو ریونیو عدالتوں میں اوور سیز پاکستانیوں کے زیر سماعت مقدمات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔اجلاس کے دوران اوور سیز پاکستانیوں کی محکمہ مال سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کیلئے بورڈ آف ریونیو کے سٹاف کی او پی سی پنجاب کے دفتر میں تعیناتی کے معاملات بھی زیرِبحث آئے ۔