اسلام آباد(نیو زڈیسک) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس دوسرے جج کو منتقل کرنے کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباسی زیدی کی درخواست مسترد کردی۔ گزشتہ روز چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے ایم کو ایم کے رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی دوسرے جج کو منتقل کرنے کی تحریری درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیس کی سماعت جج سید کوثر عباس زیدی ہی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے وکیل صفائی کی تلخ کلامی پر ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس سننے سے معذرت کرتے ہوئے کیس دوسرے جج کو منتقل کرانے کیلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو درخواست دی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر کیس نہیں سن سکتا لہذا کیس کسی دوسرے جج کو منتقل کیا جائے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ محمد انور خان کاسی نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس جج سید کوثر عباس زیدی ہی سنیں گے۔ جبکہ وکیل صفائی کے مس کنڈکٹ کا معاملہ پاکستان بار کونسل بھجوا دیا گیا ہے۔