کراچی(نیو زڈیسک) سندھ حکومت نے آنے والے نئے مالی سال 2016-17 میں نئے ملازمین کی بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن نے سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس 3 مئی کو طلب کرلیا ہے۔اجلاس میں تمام محکموں کے سیکرٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو، چیئرمین اینٹی کرپشن اور ڈویژنل کمشنرزشرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق نئی ملازمتوں سے پابندی اگست 2016 تک ہٹائی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکرٹری نے تمام محکموں میں خالی اسامیاں ،عدالتوں میں چلنے والے کیسز کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔اجلاس میں سندھ میں ہیٹ اسٹروک سے بچا ؤکیلئے کیئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے متعلق تمام محکموں سے رپورٹس بھی طلب کی گئی ہیں۔تمام محکموں کوحکم دیاگیاہے کہ وہ29اپریل تک رپورٹس جمع کرادیں۔ذرائع کے مطابق سیکرٹریز کے اجلاس میں سرکاری گاڑیاں غائب ہونے کا معاملہ بھی زیرغورآئے گا۔ذرائع نے بتایا سابقہ صوبائی وزراء روبینہ قائم خانی اور توقیر فاطمہ بھٹو نے تاحال سرکاری گاڑیاں واپس نہیں کی ہیں،ان سے سرکاری گاڑیوں کی واپسی کے لیے سخت اقدامات کافیصلہ کیا جائے گا۔