اسلام آباد(نیو زڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں سابق صوبائی وزیر جنگلات اور رکن بلوچستان اسمبلی مولوی عبدالصمد اخونزادہ کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے حکم کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر جنگلات مولوی عبدالصمد اخونزادہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی تاہم دوران سماعت عدالتی نوٹس کے باوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی وکیل یا نمائندہ پیش نہ ہوا۔ درخواست گزار کے وکیل علی نواز کھرل ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی ڈگری جعلی نہیں بلکہ ایم اے اسلامیات کے مساوی مدرسے کی ڈگری ہے۔ اتحا د المدارس العربیہ پاکستان نے بھی ڈگری کی تصدیق سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے مگر اس کے باوجود کارروائی جاری رکھنے کا حکم غیر قانونی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو آئندہ سماعت پروکیل یا کوئی نمائندہ مقرر کر کے عدالت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 16مئی تک ملتوی کر دی۔